کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کے سراپا احتجاج لواحقین نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گزشتہ روز ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقابلے کی تفتیش کیلئے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
تھانہ آبپارہ کی حدود میں ڈکیتی، پولیس کی موجودگی میں ڈاکو فرار
شاہراہ نور جہاں پر پولیس اور ڈکیتوں میں فائرنگ کا تبادلہ،2ڈاکو ہلاک
فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو پرائیوٹ اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ جعلی مقابلے کے وقت فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار سادہ کپڑوں میں ملبوس تھا۔ ایس ایچ او اورنگی پولیس اسٹیشن کو معطل کردیا گیا ہے۔
مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثاء نے پولیس مقابلہ جعلی قرار دیتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مقتول کو کوچنگ سینٹر سے واپسی پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شاہراہ نور جہاں پر پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔شاہراہِ نور جہاں اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ڈکیت گینگ کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔
گزشتہ روز پولیس نے ملزمان کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ 1 شدید زخمی ہو گیا۔