پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے اور مقتول کا کوئی لیپ ٹاک، موبائل نہیں ملے گا کیونکہ تمام شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے گولیاں ماری گئیں، ارشد شریف کا جان سے جانا غیرت کے بات، اس کی شہادت حادثہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف ملک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا، یہ بے بنیاد بات ہے کہ اسے دبئی سے نکلوایا گیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں کچھ دنوں میں سب پردے چاک کر دوں گا، میں اپنے گھر والوں کو بتا آیا ہوں کہ اگر مجھے مار دیا گیا تو ان کی لاشیں بھی ملیں گی، اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ لوگ جو اس کے ذمہ دار ہوں گے، 3 گھنٹوں میں وہ بھی مریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو بنا چکا ہوں کہ اس سازش کے مقاصد کچھ اور ہیں، مجھے اس مارچ میں خون ہی خون اور جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ارشد شریف کو کینیا لے جانے والا کوئی عام آدمی نہیں تھا، ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا، پاکستان آنے کو تیار تھا، جب ارشد شریف اس ملک سے گیا ہے میں پہلے دن سے آخری دن تک اس سے رابطے میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرا فون فورنسک کے لیے تیار ہے، جو سازش پاکستان کے ساتھ ہو رہی ہے اس کے پلئیر پاکستان میں موجود ہیں، ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا دھمکایا اور یہاں سے نکال دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنے دن ارشد شریف کا ویزا تھا اتنے دن وہ دبئی میں رہا، میں اپنے پاکستانیوں کو سازش کے تحت مرنے نہیں دونگا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ جیسے میرا چئیرمین مجھے کچھ کہے گا میں یقین کروں گا، ایسے ہی ارشد شریف اس شخص پر یقین کر رہا تھا تو اس سے رابطے میں تھا، آنے والے دنوں میں کئی لاشیں گریں گی۔