اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈ نے سوشل میڈیا پر وائرل معصوم بچی پر نام نہاد استاد کے غیر انسانی تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم کو ہدایا ت جاری کردی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے کہا کہ بچوں کو مارنے پیٹنے کی شرمناک سزائیں ہمارے بچوں کے ذہنوں پر بہت برے اثرات مرتب کرتی ہیں۔
پیغام میں وزیرِ آبی وسائل فیصل واؤڈا نے کہا کہ میں نے بچی پر تشدد کرنے والے استاد کی ویڈیو دیکھی، اس انسان کا رویہ نا قابلِ قبول ہے۔ میں اس پر کام کر رہا ہوں۔ ڈی پی او جہلم کو ہدایات جاری کی ہیں۔
وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں اِس شخص کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کراؤں گا۔ میں نے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ شخص کو فوری گرفتار کیا جائے۔
https://twitter.com/FaisalVawdaPTI/status/1306142315866619905
یاد رہے کہ اِس سے قبل جہلم میں ٹیوشن اکیڈمی کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی جس میں معصوم بچی پر تشدد دکھایا گیا جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے اداکارہ وینا ملک نے والدین سے بچوں کو نظروں کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اداکارہ وینا ملک نے کہا کہ میری ماں باپ سے دردمندانہ اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو اپنی نظروں کے سامنے رکھیں۔ بچوں کو مفتیوں اور استادوں کے پاس اکیلا مت بھیجیں۔ آپ اپنے بچوں کا مستقبل سنوار نہیں رہے بلکہ ایسے استادوں کے ہاتھوں برباد کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: معصوم بچی پر تشدد، وینا ملک کا بچوں کو نظروں کے سامنے رکھنے کا مطالبہ