فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ الیکشن 2024 کے دوران مبصرین کو آر او آفس میں نہیں جانے دیا گیا، جہاں پولنگ کے بعد شفافیت پر سمجھوتا ہوا۔
چیئرپرسن فافن مسرت نے انتخابات کے حوالے سے مشاہداتی رپورٹ جاری کردی۔ فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 2 سال سے جاری افراتفری کے بعد 8فروری کو الیکشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا جہاں 5کروڑ سے زائد ووٹرز نے پولنگ میں حصہ لیا۔
مشاہداتی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ووٹرز ٹرن آؤٹ کی شرح 48فیصد رہی جبکہ 25 حلقوں میں مسترد ووٹوں کا مارجن جیت کے مارجن سے زیادہ تھا۔ گزشتہ انتخابات کی روایت قائم رکھتے ہوئے اس بار بھی 16 لاکھ بیلٹ پیپرز کو مسترد کردیا گیا۔
فافن کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے یکساں مواقع نہ دینے اور دہشت گردی کے باوجود انتخابات میں حصہ لیا اور سیاست دانوں کی تنقید کے باوجود الیکشن کمیشن نے انتخابی مشق منعقد کی جو قابلِ تحسین عمل ہے۔ فافن نے 5ہزار664مبصرین کو مقرر کیاتھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی جگہ مبصرین پر پابندی نہیں تھی اور پولنگ اسٹیشن پر شفافیت قائم رہی، تاہم آر او کے دفتر میں شفافیت پر سمجھوتا ہوا اور 28فیصد پولنگ اسٹیشنز پر پریزائڈنگ افسران نے فارم 45 کی نقل مبصرین کے حوالے نہیں کی۔
مذکورہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مبصرین کو آر او کے دفتر میں جانے نہیں دیا گیا۔ ابتدائی نتائج کی تیاری اور نتائج کے اعلان سے منظم الیکشن گہنا گئے تاہم انتخابات سے ملک بھر میں بے یقینی کی فضا ختم ہوئی۔ سیاسی جماعتوں پر استحکام یقینی بنانے کا فرض عائد ہوتا ہے۔