اسلام آباد: ملکی برآمدات میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران 14فیصد کا حوصلہ افزاء اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے تجارتی خسارہ کم ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ادارۂ شماریات نے برآمدات کے اعدادوشمار جاری کردئیے۔ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 14فیصد اضافے کے ساتھ 5اعشاریہ 1ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
ماہرین معیشت کا ماننا ہے کہ ملکی برآمدات میں خطیر اضافہ تجارتی خسارے کو 3اعشاریہ 6ارب ڈالرز تک کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ گزشتہ 2 ماہ کے دورنا پاکستان نے 5اعشاریہ 1 ارب ڈالرز کی برآمدات کیں جو گزشتہ برس 620ملین ڈالر رہیں۔
گزشتہ برس کے اسی عرصے (جولائی اور اگست) کے دوران پاکستان نے 620ملین ڈالرز کی برآمدات کی تھیں۔ ملکی درآمدات میں بھی 5اعشاریہ 7فیصد اضافہ ہوا جو اب 8اعشاریہ 6ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہیں۔ گزشتہ سال یہ حجم 463ملین ڈالر تھا۔
برآمدات میں خطیر اضافے کے باعث ملک کا تجارتی خسارہ 4.2فیصد سکڑکر 3.6ارب ڈالر تک گر گیا۔ اگست کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 4اعشاریہ 4ارب ڈالرز تھا اور یوں ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں کمی کا تخمینہ 1.7ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔