کراچی کے مشہورومعروف ایکسپو سینٹر میں ٹیکنالوجی فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہے، فیسٹیول کا نام ٹیکنو فیسٹ رکھا گیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے ایکسپو سینٹر میں پہلے ’ٹیکنوفیسٹ‘ کا آغآز کیا گیا ہے، جس میں ٹیکنیکل، انجنئیرنگ، میڈیکل کالجز اور جامعات کے طلبہ شرکت کر رہے ہیں، اور اپنی قابلیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فیسٹیول میں طلبہ کے روزگار کے لیے مختلف کیمپنیاں بھی ٹیک فیسٹ کا حصہ ہیں، اور طلبہ کے لیے روبوٹک، اے آئی، سائبر سیکیورٹی سمیت 11 مختلف کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی۔
ٹیکنیکل فیسٹیول کے دوسرے روز جماعتِ اسلامی کے زیر اہتمام ’بنو قابل‘ کی گریجویشن تقریب بھی منعقد ہوگی۔ فیسٹیول کا افتتاح کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کیا۔
فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اور نامور شخصیات نے خصوصی شرکت کی، اس موقعے پر سرسید یونیورسٹی اور سالم حبیب یونیورسٹی کے وائس چانسلرز بھی موجود تھے۔
ٹیک فیسٹ کے دوسرے روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان خصوصی شرکت کریں گے۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی آبش صدیقی نے کہا ہم طلبہ کو مایوسی سے نکال کر صنعتوں سے منسلک کردیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہر کی جامعات سے بھیجے گئے 300 پروجکیٹس میں سے 100 پروجکیٹ اس نمایش کا حصہ ہیں، 70 سے ماہرین آئی ٹی فرم بھی اس فیسٹیول میں شامل ہیں۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی فیسٹول ہے۔
فیسٹ کے پروجیکٹس عالمی مقابلوں کا حصہ بھی بنیں گے۔وائس چانسلر سلیم حبیب یونیورسٹی عرفان حیدر نے کہا صرف تھیوری سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، کورس کے ساتھ مسائل حل کرنے راستہ نکالنا ہوگا۔
عرفان حیدر کا کہنا تھا کہ 10 ہزار پی ایچ ڈی بنانے کے باوجود مسائل موجود ہیں،صرف ٹیکنالوجی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ ٹیک فیسٹ کے انعقاد اور بنو قابل جیسے پروگرامز طلبہ کیلئے امید کی کرن ثابت ہورہے ہیں۔