ملتان کے فہد ٹاؤن میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں گیس سے بھرے ٹینکر کے دھماکے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس ہولناک واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ٹینکر میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکہ ہوا، جس سے آگ لگ گئی۔ آگ نے کئی گوداموں کو لپیٹ میں لے لیا اور قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ اس واقعے میں 20 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔
ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور قریبی گھروں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ گیس اور بجلی کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ہے۔ مظفرگڑھ اور خانیوال سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کی گئیں ہیں تاکہ آگ بجھانے میں مدد فراہم کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے تصدیق کی ہے کہ ٹینکر دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے 5 گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم کولنگ کا عمل ابھی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزید زخمیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، اور ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں موجود رہیں گے جب تک کہ مکمل کلیئرنس نہ ہو جائے۔
اس آپریشن میں 18 ریسکیو گاڑیاں شامل تھیں، اور علاقے کو محفوظ بنانے تک ریسکیو ٹیمیں تعینات رہیں گی۔