نوشہرہ: آج دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں مولانا حامد الحق سمیت 5افراد شہید ہوگئے۔
ڈی پی او نوشہرہ عبدالرشید کے مطابق دھماکہ مسجد کی اگلی صفوں میں ہوا، جہاں سیکڑوں نمازی موجود تھے۔
جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق بھی شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں۔ ان کے بیٹے ثانی حقانی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں 4 سے 5 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت اور محرکات کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آئیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور تحقیقات مکمل ہونے تک صبر کا مظاہرہ کریں۔