بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی کا شمار ہمسایہ ملک کی معروف شخصیات میں کیا جاتا ہے جسے مسلسل تنازعات کا سامنا ہے جبکہ یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ان کی ویڈیوز میں سائنس و ٹیکنالوجی اور وی لاگ سے لے کر شعبہ سیاست تک ہر قسم کے موضوعات کا مواد موجود ہے۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے موضوع پر دھروو راٹھی کے مواد میں منطق، علم اور حقائق کا تجزیہ سب کچھ موجود ہے، اس کے علاوہ سیاست میں وہ بھارت کے مستعفی وزیراعظم نریندر مودی کے ناقد شمار کیے جاتے ہیں اور یہی ان کا بڑا قصور ہے۔
دھروو راٹھی کون؟
دھروو راٹھی ایک مشہور یوٹیوبر ہیں جن کے یوٹیوب پر 1 کروڑ 90 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز موجود ہیں۔ دھروو راٹھی بھارتی ریاست ہریانہ میں پیدا ہوئے، جرمنی سے مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی اور جولی نامی خاتون سے شادی کی۔
جولی اور دھروو راٹھی ایک الگ یوٹیوب چینل پر وی لاگز کی ویڈیوز بنا کر پوسٹ کرتے ہیں۔ دھروو راٹھی نے 2013 میں یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک سیکڑوں ویڈیوز اپ لوڈ کرچکے ہیں۔
دھروو راٹھی کی وجہِ شہرت
دلچسپ طور پر دھروو راٹھی نریندر مودی پر بطور وزیراعظم بے لاگ تنقید کے باعث مشہور ہوئے اور بطور یوٹیوبر دھروو راٹھی نے الگ مقام اس لیے بھی حاصل کیا کیونکہ تعلیم یافتہ شخصیت کے طور پر ان کے تجزیوں میں منطق اور دلیل کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔
پاکستانی جاسوس؟
حال ہی میں دھروو راٹھی کو پاکستانی جاسوس کے خطاب سے بھی نوازا گیا جس پر دھروو راٹھی کو کافی افسوس بھی ہوا، تاہم بی جے پی (جسے بھارت میں بھاجپا بھی کہا جاتا ہے) کے کارکنان نے دھروو راٹھی پر دیگر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔
بہت سے لوگوں نے دھروو راٹھی کی حوصلہ افزائی بھی کی کیونکہ عوام کی بڑی تعداد نریندر مودی کی شدت پسند پالیسیوں سے تنگ ہیں جن سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ ملک میں بسنے والی دیگر اقلیتوں کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔
مودی کیلئے مسائل
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوران اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب تو ضرور ہوئے ہیں لیکن ووٹروں کی جانب سے کم مارجن اور پھر اس بار 400 پار کا نعرہ جس بری طرح سے فلاپ ہوا وہ تبدیلی کا واضح اشارہ کہا جاسکتا ہے۔
عوام نریندر مودی کی پالیسیوں سے خائف ہیں۔ ایسے میں دھروو راٹھی کی جانب سے یوٹیوب پر نریندر مودی کی پالیسیوں کی مخالفت کے لوک سبھا انتخابات پر پڑنے والے اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا، حالانکہ اس کی متعدد دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔