کراچی:سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی اور گمشدگی کے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے قانون سازی بھی کی گئی ہے۔
بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے واقعات پر سب سے پہلے ون فائیو 15 مددگار پر اطلاع دی جائے،تھانے جانے سے قبل ون فائیو پر اطلاع سے علاقہ پولیس سمیت دیگر علاقوں کی پولیس بھی متحرک ہوجاتی ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ ون فائیو پر اطلاع سے وائرلیس کے ذریعہ تمام پولیس والوں کو ایسے واقعہ کی اطلاع دی جاتی ہے اورون فائیو پر اطلاع سے والدین کی شکایت قانونی شکل میں ریکارڈ پر بھی آجاتی ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ کسی کے ساتھ اگر ایسا واقعہ پیش آئے تو وہ فوری طور پر 15 مددگار پر اطلاع کریں،ہم سب ملکر ان گھناؤنے واقعات میں ملوث درندوں کو کیفر کردار تک پہنچا سکتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آئیں ملکر ان ظالمین کے خلاف آواز بلند کریں اور سندھ حکومت اور سندھ پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں۔تاکہ ان واقعات پر قابو پایا جاسکے۔