کراچی:میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اسٹاف کو سہولت مہیا کرنے کے لئے کے ایم سی میں ڈیجیٹل ایپ متعارف کروائی جا رہی ہے۔ کے ایم سی کے مرحوم ملازمین جو ملازمت کے دوران انتقال کر گئے ہوں ان کے قانونی ورثاء کو ملازمت کے لئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔
فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو اپنی حاضری لگانے کے لئے متعلقہ آفس جانا پڑتا تھا۔اس ایپ کے ذریعے ان کی حاضری فیلڈ میں ہی لے لی جائے گی۔اس ایپ سے وقت اور ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ ملازمین کو سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو سے متعلق تمام محکمے ماہانہ بنیادوں پر میٹنگ کریں اور احداف کے حصول کے لئے بھر پور محنت اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ اگر ادارے کو ریونیو حاصل نہیں ہوگا تو کس طرح وہ ادارہ چل سکتا ہے؟۔
ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ایسے افسران جو اپنا ریونیو کا ٹارگٹ پورا نہیں کریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی ہو گی۔
ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، گریڈ 1 سے گریڈ 11 تک میں تقرر کے لئے اخبارات میں اشتہار کے ذریعے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
صرف ایسی درخواستوں پر عمل ہوگا جو مرحوم ملازمین کی وفات سے دو سال کے اندر قانونی وارثوں کی جانب سے جمع کرائی گئی ہوں۔ بچوں کے چھوٹے ہونے کی صورت میں مرحوم ملازم کی بیوہ بھی درخواست جمع کراسکتی ہے،یہ درخواستیں 23 مئی تک وصول کی جائیں گی۔