کراچی: پاکستان ایئر فورس کا دوسرا طیارہ سوڈان سے انخلاء کا مشن کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد واپس کراچی پہنچ گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا اس حوالے سے بتانا تھا کہ پاک فضائیہ سی-130 ہرکولیس طیارہ سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر آج سہ پہر جدہ سے روانہ ہوا، پاک فضائیہ کا دوسرا ایئربس طیارہ 111 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچ گیا۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ ٹرانسپورٹ طیاروں کا بیڑہ قدرتی آفات اور حادثات کے دوران قوم کی پکار پر لبیک کہنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ قیادت کی ہدایات پر ٹرانسپورٹ طیارے سوڈان میں پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو واپس لانے میں مصروف عمل ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور حکومتی مذاکرات کا دوسرا دور شروع
قبل ازیں پاک فضائیہ کا پہلا طیارہ سوڈان میں پھنسے 149 پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچا تھا، پاک فضائیہ کے سوڈان سے انخلاء کے آپریشن میں اب تک 260 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔