پورٹو: یورپی فٹبال چیمپئنز لیگ کے فائنل میں چیلسی نے مانچسٹر سٹی کو ایک صفر سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
یورپی فٹبال پر حکمرانی کا تاج ایک مرتبہ پھر سے چیلسی کے سرسج گیا ہے۔ مانچسٹر سٹی کا پہلی بار ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ چیلسی نے مانچسٹر سٹی کو 0-1 ہرا کر یورپی فٹبال چیمپئنزلیگ جیت لی۔
پرتگال کے شہر پورٹو میں سجنے والے فیصلہ کن معرکہ میں چیمپئنز لیگ فائنل کی تاریخ میں تیسری مرتبہ دو انگلش کلب آمنے سامنے آئے تھے۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم میچ کے 42ویں منٹ میں چیلسی کے کائے ہاورٹز نے فائنل کا واحد گول کر کے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔
چیلسی 2012 میں بھی چیمپئنز لیگ ٹرافی اپنے نام کر چکاہے۔ ٹائٹل اپنے نام کرنے کےبعد چیلسی کے کھلاڑیوں نے بھرپور انداز میں جشن منایا۔
میچ کو 16 ہزار 500 تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر انجوائے کیا۔ ٹائٹل جیت کر چیلسی کے تمام کھلاڑی ٹرافی کو چومتے اور بھرپور انداز میں جشن مناتے نظر آئے۔