کراچی: مہاجر قومی موومنٹ کی سرپرستی میں بلدیاتی اداروں میں سندھ اربن لیبر یونین کا قیام۔ ابتدائی مرحلے میں بلدیہ شرقی میں سندھ اربن لیبر یونین کے عہدیداروں کا اعلان کردیا گیا، جبکہ سندھ اربن یونین کے ارکاین اور عہدیداروں نے بلدیہ شرقی میں ایک خیرسگالی جلوس کا انعقاد بھی کیاگیا۔
کارکنوں نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد اور سندھ اربن یونین کے حق میں نعرے لگائے۔یونین کے مرکزی رہنما ارشد عرفان نے ایم ایم نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ کے اربن علاقوں سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی ملازمین کے حقوق کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔
کیوں کہ 1993 سے سندھ اربن کے ملازمین کے ساتھ مسلسل زیادتی کا عمل جاری ہے، ان میں خصوصی طور پر اردو بولنے والے نشانہ بن رہے ہیں، تاہم ان متاثرین میں شہری علاقوں کے سندھی، بلوچی، پختون اور پنجابی بھی شامل ہیں،جنہیں بلدیاتی اداروں میں اب تک نہ تو مناسب عہدے دیے گئے اور نہ ہی ان کی گزشتہ 15 سال سے ترقی ممکن ہو سکی ہے۔
چیئر مین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ ہدایت دی کہ شہری علاقوں میں مستقل رہنے والے بلدیاتی ملازمین کی داد رسی کے لیے سندھ اربن لیبر یونین کا قیام عمل میں لایا جائے۔
ارشد عرفان نے بتایا کہ بلدیہ شرقی میں سندھ اربن لیبر یونین کے چیئر مین رمضان احمد کو بنایا گیا ہے، نادر علی صدر،جاوید بھائی نائب صدر شاکر علی سیکریٹری اطلاعات مقرر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے نام پر ایک سیاسی جماعت نے مزدوروں کو صرف دھوکا دیا ہے، ان کے اثاثہ جات کی تحقیقات کرائی جائے تو اربوں /کروڑوں روپے کے ہوں گے۔ مگر مزدور طبقہ جو ان کے پیچھے مہاجر نام پر بھاگتا رہا آج وہ مزید مشکلات کا شکار ہو چکا ہے۔
ارشد عرفان نے مزید کہا کہ ہم ماضی کی باتیں دوہرانا نہیں چاہتے مگر جو سندھ اربن کے مزدوروں کی حالت ہے اس کیذمہ داروں کی نشاندہی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب کسی کو بھی ملازمین کے جائز حق سے محروم نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں کراچی کی 6 ضلعی بلدیات، کے ایم سی، واٹر بورڈ سمیت دیگر اداروں میں بھی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔