ایک اور سیلبرٹی جوڑی کا گھر ٹوٹ گیا، بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالینی کی بیٹی اداکارہ ایشا دیول اور ان کے شوہر بھرت تختانی نے شادی کے 12 سال کے بعد راستے الگ کر دیے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایشا دیول اور ان کے شوہر بھرت تختانی کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے، ان افواہوں کے بعد دونوں کے مداح الجھن کا شکار تھے کیونکہ جوڑی کی جانب سے افواہوں پر کوئی ردعمل نہیں دیا جا رہا تھا، تاہم اب دونوں نے اپنی علیحدگی کے حوالے سے مشترکہ بیان جاری کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشا دیول اور بزنس مین بھرت تختانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ “ہم نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری زندگیوں میں اس تبدیلی کے بعد، ہمارے لیے سب سے اہم اور اولین ترجیح ہمارے دونوں بچوں کی تربیت ہوگی۔”
ایشا دیول اور بھرت تختانی نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے شکرگزار ہوں گے اگر آپ ہماری پرائیوسی کا خیال رکھیں گے۔
اس جوڑی نے اپنے مشترکہ بیان میں اپنی علیحدگی کی وجہ بیان نہیں کی جبکہ ہیما مالینی نے بھی بیٹی اور داماد کی علیحدگی پر میڈیا کو جواب دینے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ ایشا دیول نے سال 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی، اس جوڑی کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش سال 2017 میں ہوئی تھی جبکہ دوسری بیٹی کی پیدائش 2019 میں ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ ایشا دیول خود بھی متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں تاہم وہ زیادہ کامیاب ہیروئن ثابت نہ ہوسکیں اور آج کل فلموں سے دور ہیں، سنی دیول، بوبی دیول اور ابھے دیول ان کے بھائی جبکہ والدہ ہیما مالینی اور والد دھرمیندر ہیں۔