نیشنل الیکٹرانک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کردی گئی، پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4روپے 75 پیسے اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت آج ہوگی جس میں بجلی کو فی یونٹ 4 روپے 75 پیسے مہنگا کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔ پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی مہنگی کرنے کے حق میں دلائل دئیے۔
بجلی اور گیس کے بحران سے برآمدات متاثر ہوں گی، ناصر حیات مگوں
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، نوٹی فکیشن جاری
پاور پرچیزنگ ایجنسی کا درخواست کے متن میں کہنا ہے کہ رواں برس اکتوبر کے دوران ڈیزل کے ذریعے 25روپے 22پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ فرنس آئل سے 22 روپے 21پیسے فی یونٹ جبکہ پانی سے بجلی کی پیداوار 23.26فیصد رہی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کوئلے سے بجلی کی پیداوار 16.69 فیصد، فرنس آئل سے 10.88 جبکہ ڈیزل سے 0.51 فیصد ہوئی۔ گزشتہ ماہ گیس سے 9.67 جبکہ ایل این جی سے 23.96 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی جائے۔
اگر سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست منظور کی گئی تو صارفین پر 60 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ رواں ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حکومت پہلے ہی بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52پیسے فی یونٹ اضافہ کرچکی ہے۔