اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروانے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن نے آج حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کردی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروادئیے جائیں گے۔
سرکاری ادارے ملکی معیشت کو سالانہ 500 ارب روپے کا نقصان پہنچارہے ہیں
خیال رہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا۔
اس حوالے سے نگران حکومت کا مؤقف تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کی تاریخ دے گا، جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے گا ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز جاری ہونے والی ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران انتخابات ہونے سے پاکستانی معیشت میں بہتری کا امکان ہے ۔