محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال 1446 ہجری کا چاند 30 مارچ 2025 کی شام نظر آنے کا امکان ہے جس کے بعد عید الفطر 31 مارچ کو متوقع ہے۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق نیا چاند 29 مارچ 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق 15:58 پر پیدا ہوگا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی شام چاند نظر آنے کےواضح امکانات موجود ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر چاند دیکھنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
پاکستانی خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ عید الفطر ممکنہ طور پر 31 مارچ 2025 کو ہوگی۔
عید کے باضابطہ اعلان کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی 30 مارچ کو زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرے گی۔ اجلاس میں چاند دیکھنے کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں عید کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
عید الفطر کی تیاریوں کے پیش نظر حکومت نے 31 مارچ سے 2 اپریل 2025 تک تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔