کراچی: معروف ہدایتکار احتشام الدین نے کہا ہے کہ حکومت کو فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے نوجوان فلم سازوں کی مدد کرنا ہوگی۔
سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیغام میں پاکستانی ہدایتکار احتشام الدین نے کہا کہ مقامی فلم انڈسٹری کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت انڈسٹری کے شہرت یافتہ فنکاروں کو فنڈز مہیا کر رہی ہے۔
اپنے پیغام میں معروف ہدایتکار احتشام الدین نے کہا کہ شہرت یافتہ فلم ساز پہلے ہی اپنے کاروبار پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ حکومت کی ایسے لوگوں پر مختصر مدتی سرمایہ کاری کا وہی نتیجہ برآمد ہوگا جیسا کہ ماضی میں ہوتا آیا ہے۔
معروف ڈائریکٹر احتشام الدین نے کہا کہ اگر حکومت طویل مدتی سرمایہ کاری کرنا چاہے تو نوجوان اور خود پر بھروسہ کرنے والے فلم سازوں کا انتخاب کرے جو اپنی کہانیاں سمجھا سکتے ہوں۔ آج کے گرما گرم موضوعات پر مختصر فلمیں بنائی جاسکتی ہیں۔
ہدایتکار احتشام الدین نے کہا کہ نوجوان نسل کو مواقع دئیے جائیں تاکہ وہ فلموں کے ذریعے اپنے خیالات اور احساسات کا اظہار کرسکیں۔ حکومت پہلے سے شہرت یافتہ ہدایتکاروں اور فنکاروں کی بجائے نوجوان فلمسازوں پر توجہ دے۔
قبل ازیں ڈائریکٹر محمد احتشام الدین نے اڈاری اور صدقے تمہارے کی ہدایات دیں اور سینما اسکرین کیلئے سپر اسٹار جیسی فلم میں کام کیا جس کا مرکزی کردار ادا کرنے کیلئے ماہرہ خان کا انتخاب کیا گیا۔ آج کل احتشام ہدایتکار کاشف نثار کے ہمراہ نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنید خان اور حبا ڈرامہ سیریل ہم نہ تھے بے مہر میں ساتھ نظر آئیں گے