احساس ایمرجنسی کیش کی رقوم اراکینِ اسمبلی کے رشتہ داروں میں بانٹے جانے کا انکشاف

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

احساس ایمرجنسی کیش کی رقوم اراکینِ اسمبلی کے رشتہ داروں میں بانٹے جانے کا انکشاف
احساس ایمرجنسی کیش کی رقوم اراکینِ اسمبلی کے رشتہ داروں میں بانٹے جانے کا انکشاف

راولپنڈی کے دیہاڑی دار طبقے نے انکشاف کیا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش کی رقوم اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کے رشتہ داروں میں بانٹی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تقریباً ایک ماہ سے زائد لاک ڈاؤن کے دوران  سب سے زیادہ دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ متاثر ہوا ہے اور گھریلو ملازموں سمیت مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدور ، مختلف شاپس پر کام کرنے والے ملازمین اور نوکری پیشہ خواتین متاثر ہوئی ہیں۔ 

وزیرِ اعظم کےاحساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے امیدیں لگانے والے لوگوں کی امیدیں جب پوری نہیں ہوئیں تو مستحق اور مزدور پیشہ افراد کی بڑی تعداد راولپنڈی کی سڑکوں پر نکل آئی اور وزیرِ اعظم کے کیش پروگرام میں بدعنوانی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ 

مظاہرین نے کہا کہ کہ لاک ڈاؤن کے باعث ہماری  جمع پونجی ختم ہو چکی ہے۔گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے۔احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں انتہائی بد انتظامی اور بدنظمی دیکھنے میں آ رہی ہے  اور کیش پروگرام کی رقوم اراکینِ اسمبلی کے رشتہ داروں میں بانٹی جا رہی ہیں۔ 

شہریوں کے مطابق متعدد اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے قریبی رشتے داروں کے نام تک اس پروگرام میں شامل کرا کر فی کس 12 ہزار روپے وصول کیے جنہیں رقوم کی ادائیگی فوری طور پر کردی گئی  جبکہ ہم جیسے مستحق افراد کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ 

عوام نے شکایت کی کہ دئیے گئے نمبر پر پیغام بھیجنے پر ہمیں مثبت جواب نہیں ملتا جبکہ ہم تک راشن بھی نہیں پہنچا۔  احساس پروگرام میں اقربا پروری کی جارہی ہے۔ہم جیسے لوگ صبح سے شام تک قطاروں میں لگے رہتے ہیں۔پیسے ختم ہونے کا کہہ کر اگلے روز بلا لیا جاتا ہے۔ 

Related Posts