اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاشی صورتحال پر منعقدہ تھینک ٹینک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے عالمی معیشت اور پاکستان پر بھی منفی اثرات مرتب کئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی نمو کے لئے آؤٹ آف دی باکس حل کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عبد الرزاق داؤد، شوکت ترین، سلطان الانا اور عارف حبیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی،سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقارمسعود، مشیر خزانہ عبدلحفیظ شیخ، ڈاکٹرعشرت حسین اور گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے بینکنگ اور فنانس کے بارے میں تھنک ٹینک کی پیش کردہ تجاویز کو سراہا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بنیادی توجہ معاشرے کے غریب طبقے کو امداد فراہم کرنے پر ہے، احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لئے حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی نمو کے لئے آؤٹ آف دی باکس حل کی ضرورت ہے، کورونا وائرس نے عالمی معیشت اور پاکستان پر بھی منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔ معاشی سرگرمی اورعوام کوکورونا سے بچانے میں توازن برقرار رکھنے کے لئے حکمت عملی اپنائی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے امداد فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ احساس پروگرام کی مزید ضرورت مندوں تک توسیع کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیرات اور رہائش کے شعبے کے لئے بہترین پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے،اس کے پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، تعمیرات پیکج کا مقصد روزگار کے مواقع اور معیشت کے پہیے کو چلانا ہے، پیکج کا مقصد غریبوں کے لئے سستی رہائش کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
مشیر خزانہ عبد ا لحفیظ شیخ کا ویڈیو پیغام کے ذریعے کہنا تھا کہ بینکنگ اور فنانس سیکٹرکے مسائل اور ان میں بہتری لانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین کے ساتھ مل کر معشیت میں بہتری لانے پر کام کر رہے ہیں۔ بینکنگ اورفنانس سیکٹر میں ماہرین کے ساتھ معیشت میں بہتری لانے پر بات چیت ہوئی۔