کراچی:چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے میونسپل کمشنر محمد فہیم خان کے ہمراہ لیاقت آباد نمبر 4 کے پیڈسٹل برج پر ریسکیو عملے کی جانب سے کئے جانے والے جراثیم کُش اسپرے کا معائنہ کیا۔
ریحان ہاشمی نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے بلدیہ وسطی کی جراثیم کُش ادویات کی اسپرے کا کام مسلسل جاری ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے گھروں میں رہیں اور بلاوجہ گھر سے باہر نہ نکلیں۔
بلدیہ وسطی اپنی پوری کوشش کررہی ہے کہ ضلع کے مکینوں کو کورونا وائرس سے محفوظ کیا جائے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسلر سعد ملک، ڈائریکٹر ریسکیو داور عباس بھی موجود تھے۔ بلدیہ وسطی کا ریسکیو کا عملہ مرحلہ وار ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کرنے میں مصروف ہے۔
اس سلسلے میں ریسکیو عملے نے لیاقت آباد تھانہ،گلبرگ تھانہ،لیاقت آباد نمبر 4 کی مارکیٹوں اور لیاقت آباد کی بالائی گزر گاہوں (پیڈسٹل برجز) پر جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کرنے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر کے ہینڈ بل بھی تقسیم کئے۔
ضلع میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو موثر بنانے کے لئے میونسپل کمشنر محمد فہیم خان کی سینی ٹیشن اور محکمہ باغات کے افسران سے میٹنگ۔میونسپل کمشنر نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات میں صفائی ستھرائی کے امور کو متاثر نہ ہونے دیا جائے۔
روز انہ کی بنیاد پر ضلع وسطی میں صفائی کے کام کو سرانجام دیا جائے۔ بعد ازاں میونسپل کمشنر محمد فہیم خان نے افسران کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی ستھرائی کے کام کا جائزہ لیا۔