طلبہ و طالبات کی چھٹیاں ختم کردی گئیں، آج سے کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی ادارے کھل گئے اور تعلیمی سلسلہ بحال کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے کھل گئے جس کیلئے اداروں کے اسٹاف کی 100 فیصد ویکسینیشن اور طلبہ کی 50 فیصد حاضری کی ہدایت دی گئی ہے۔
والدین کو اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں بچوں کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی جمع کرانا ہوں گے۔ سندھ حکومت نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سختی کردی ہے۔
طلبہ و طالبات کو تعلیمی عمل کے دوران سماجی فاصلے اور ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا۔ اساتذہ اور دیگر عملے کو بھی ویکسین سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے اور کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک بیان میں سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے گزشتہ روز کہا کہ 30 ستمبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کو تعلیمی اداروں کے لیے مختص گاڑیوں میں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین نہیں دی گئی ہے انہیں 15 ستمبر کے بعد کسی بھی دفتر کے ملازمین کو لے جانے والی گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: سندھ میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر پابندیاں عائد، آمد و رفت بند