کراچی: ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ جولائی میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات لئے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت ہوا ہے۔ اجلاس میں نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لئے جائیں گے، اور گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لئے جائیں گے، اور تمام امتحانات میں صرف اختیاری مضامین کے پیپرز لیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے اعلامیے کے مطابق پہلی سے آٹھویں تک کے تمام امتحانات اسکولز میں ہوں گے، تاریخ کا اعلان تمام اسکولز اپنے طور پر کرسکیں گے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امتحانات کے 45 روز کے بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا، نویں اور گیارہویں کے نتائج کا اعلان دسویں اور بارہویں کے بعد کئے جائیں گے۔
جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اختیاری مضامین میں اگر کوئی طالبعلم فیل ہوتا ہے تو اس کو پاسنگ مارکس دئیے جائیں گے اور لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کے مارکس کی بنیاد پر دئیے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق تھیوری امتحانات کے بعد ہی پریکٹیکلز لئے جائیں گے، پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے۔