اسلام آباد: غیر ملکی عطیات (فارن فنڈنگ) کی چھان بین کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا جبکہ یہ سماعت آج 2 ماہ بعد ہو رہی ہے۔
کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے باعث الیکشن کمیشن نے 19 مارچ کو مقرر کردہ سماعت ملتوی کردی تھی جس کے بعد فارن فنڈنگ کیس کی سماعت آج کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق پی ٹی آئی رہنما اکبر ایس بابر اور پاکستان تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت فنڈنگ کیس کی سماعت کیلئے پیش ہوگی۔ اکبر ایس بابر نے الزام لگایا تھا کہ پی ٹی آئی غیر قانونی فارن فنڈنگ میں ملوث ہے۔
درخواست گزار اکبر ایس بابر کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے فارن فنڈنگ کیس واپس نہ لینے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جبکہ درخواست گزار اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیرِ مملکت برائے داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ، بی آر ٹی اور آٹا بحران پر قوم کو حساب دینا پڑے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر5 روز قبل ایک سوشل میڈیا صارف کے چور کہنے پر سینئر ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مجھے آپ جیسے لوگوں کی ذہنیت پر افسوس ہوتا ہے جنہیں عمران خان کے پراپیگنڈے نے آنکھوں اور دماغ سے محروم کردیا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا۔احسن اقبال