لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان کو پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے پر طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 70سیالکوٹ میں الیکشن کے دوران آن ڈیوٹی پولیس افسر کو تھپڑ مارنے پر استحکامِ پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان اور متاثرہ پولیس افسر کو دفتر میں طلب کیا ہے۔دونوں فریقین سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رہنما استحکامِ پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے پولیس کے اے ایس آئی کو تھپڑ ماردیا تھا جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی۔
حال ہی میں رہنما استحکامِ پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 70 سیالکوٹ کے ایک پولنگ اسٹیشن میں الیکشن کے دوران آن ڈیوٹی پولیس اہلکار کو تھپڑ مارا جس کی ویڈیو آج سے 2 روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
متاثرہ پولیس اہلکار اے ایس آئی امجد علی نے سابق معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان سمیت 8افراد کے خلاف دھمکیوں، کارِ سرکار میں مداخلت اور زدوکوب کرنے کی دفعات پر مشتمل مقدمہ درج کرادیا، جس کے بعد آئی پی پی رہنما کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔