الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے امیدواروں کے اعدادوشمار جاری کردئیے ہیں۔ قومی اسمبلی کی 266عام نشستوں کیلئے 5ہزار121امیدوار الیکشن لڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 266جنرل نشستوں کیلئے 4ہزار807 مرد جبکہ 312 خواتین امیدواروں کے علاوہ 2خواجہ سرا بھی میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے مقابلے میں آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔
جنرل نشستوں پرمختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے 1ہزار780 مرد اور 93خواتین سمیت 1ہزار873 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 3ہزار248آزاد امیدواروں میں سے 3ہزار27 مرد، 219خواتین جبکہ 2خواجہ سرا ہیں۔
صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 12ہزار695امیدوار الیکشن لڑیں گے جن میں سیاسی جماعتوں کے 4ہزار158 جبکہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے 8ہزار536 امیدوار شامل ہیں۔پنجاب اسمبلی کیلئے 6ہزار710امیدوار الیکشن لڑیں گے۔
پنجاب اسمبلی کے 1ہزار874امیدوار مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 4ہزار836امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔سندھ اسمبلی کے 2ہزار878امیدواروں میں سے 949سیاسی جماعتوں کے جبکہ1929آزاد امیدوار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کے پی کے اسمبلی کے 1ہزار834امیدواروں میں سے 801سیاسی جماعتوں کے جبکہ 1ہزار33آزاد امیدوار ہیں۔بلوچستان اسمبلی کے1273میں سے534سیاسی جماعتوں کے جبکہ739آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔