اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے 7 اضلاع میں الیکشن کے حوالے سے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ فوری بلدیاتی انتخابات کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت سے کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جواب طلب کیا ہے۔اپنے خط میں کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے اپنا آئینی فرض پورا کرنے کا خواہش مند ہے۔
خرم لغاری کا تحریکِ انصاف چھوڑنے کے اعلان سے یوٹرن
سندھ حکومت کو لکھے گئے خط میں سندھ حکومت کو اپنا جواب 31 اکتوبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خط میں سوال کیا گیا کہ سندھ حکومت کب تک بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کرسکے گی جو کراچی اور حیدر آباد میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ منعقد ہونا ہے۔ سندھ حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو 18 اکتوبر کے روز ملتوی کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی حکومت کے خط کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کیا تھا۔
صوبائی حکومت نے 16 ہزار سکیورٹی اہلکار طلب کیے تھے جبکہ وفاق نے بلدیاتی الیکشن کیلئے سکیورٹی دینے سے معذرت کر لی۔ بلدیاتی انتخابات کے التواء پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔