الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سائبر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے، الیکشن کمیشن کے ملازمین کو نامعلوم بھیجنے والوں کی ای میلز موصول ہونا شروع ہوگئیں۔
6 جولائی کو جاری کردہ ایک خط میں، الیکشن کمیشن نے اپنے ملازمین کو آفیشل ای میل اکاؤنٹس استعمال کرنے سے روک دیا ہے، جبکہ افسران کو یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ نا معلوم ای میلز کو ہرگز نہ کھولیں، ورنہ ادارے کی اہم ترین معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگ سکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے انفارمیشن سیکیورٹی اسپیشلسٹ نوید احمد کی طرف سے لکھے گئے خط میں ای سی پی کے ایک اہلکار کو بھیجی گئی ای میل کی اسکرین گریب بھی شامل تھی جس میں وصول کنندہ سے ”کیبنٹ” کے عنوان سے منسلک RAR فائل کھولنے کو کہا گیا تھا۔
ای میل بھیجنے والے نے وصول کنندہ کو ”خبردار” کیا کہ ”مذکورہ بالا تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں ” اور ان سے یہ معلومات 11 جولائی تک فراہم کرنے کو کہا گیا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما کی افغانستان فرار کی کوشش، طور خم بارڈر سے گرفتار
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ (NIFT) کی غفلت کے باعث پاکستان کی قومی سلامتی ایک بار پھر خطرے میں پڑ گئی تھی۔ سائبر حملہ آوروں نے چیک کلیئر کرنے والے ادارے کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کے باوجود بینکنگ سسٹم کو مینوئل سسٹم کا سہارا لینے پر مجبور کیا۔