اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے لوئر دیر میں جلسہ کیا جس کے دوران اپوزیشن پر کڑی تنقید کی گئی، الیکشن کمیشن نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعظم پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوئر دیر میں وزیر اعظم عمران خان کا جلسہ کامیاب رہا۔ الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر دیر نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعظم کو 22مارچ تک جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کانوٹس جاری کردیا
الیکشن کمیشن لوئر دیر کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ حکومت 22مارچ تک جرمانہ جمع کروا کر بینک چالان فراہم کرے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج سے 8روز قبل 11مارچ کو لوئر دیر میں عوام کے جمِ غفیر سے خطاب کیا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پبلک آفس ہولڈرز الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ لوئر دیر کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے وزیر اعظم کے نام جاری کیے گئے مراسلے میں بتایا کہ الیکشن کمیشن لوئر دیر میں بلدیاتی الیکشن منعقد کرنے والا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے تحت بلدیاتی انتخابات کے دوران پبلک آفس ہولڈرز متعلقہ علاقوں میں جلسہ یا انتخابی مہم نہیں چلا سکتے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے لوئر دیر میں جلسہ کیا جس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔