اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیراسیٹامول سمیت 20 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ ای سی سی کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 18 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق پیراسیٹامول کی 500 ملی گرام (ایم جی) گولی کی قیمت 2.6 روپے اور پیراسیٹامول ایکسٹرا 500 ایم جی ٹیبلٹ کی قیمت 3.3 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ مذکورہ ادویات کی قیمتیں بھارت سمیت دیگر پڑوسی ممالک کی نسبت کم ترین ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی نے بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا، بجلی منصوبوں کے لیے لیے گئے قرض پر سود کی رقم بھی عوام ادا کریں گے، بجلی کے بڑے صارفین پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہوگا جس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے کے بجلی بل معاف کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 ارب 34 کروڑ کی گرانٹ منظور کرلی جب کہ اجلاس میں وزارت دفاع کے لیے 45 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
مزید پڑھیں:کراچی کے لیے مزید الیکٹرک بسیں منگوائی جائیں گی
اجلاس میں 283ارب28کروڑ کے پرنسپل قرض کی ادائیگی2سال کیلئے مؤخر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت خزانہ کو قرض اور سود کی ادائیگی2سال مؤخرکرنے کی ضمانت دینے کی ہدایت کردی۔