کراچی: شہرمیں تیز ہواؤں کا طوفان، ہر طرف مٹی کے بادل کے چھا گئے، شام ڈھلتے ہی شہر قائد میں تیز ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں، ہر طرف مٹی کے بادل چھا گئے۔
تفصیلات کے مطابق شام ڈھلتے ہی شہر بھر میں مٹی کے طوفان کے باعث، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی۔
تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں بجلی تار ٹوٹ کرگر گئے جبکہ بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی۔ ہر طرف مٹی کے بادل چھا گئے جس کے باعث موٹر سائیکل سواروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں ٹین کی چھتیں بھی اُڑ گئی ہیں اور درخت گرنے کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔ تیز آندھی کے باعث بعض علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ہے۔
مٹی کے طوفان کی زد میں آکر 4 افراد ہلاک اور 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ سعدی ٹاون میں گھر کی دیوار گرنے سے 60 سالہ خاتون ہلاک جبکہ ایک اور واقعہ میں درخت گرنے سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔ کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔ درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔
شہر میں مٹی کے طوفان کے ساتھ سرجانی ٹاون میں بھینسوں کے باڑے میں آسمانی بجلی گرنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا، درجنوں بھینسیں آگ لگنے کے باعث جل کر ہلاک ہوگئیں۔ قریب ہی ایک مکان بھی آسمانی بجلی کی زد میں آگیا۔
بجلی گرنے اور آتشزدگی کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، فائر بریگیڈ کو پانی فراہم کرنے کے لیے ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی۔