معروف اداکار سرمد کھوسٹ اور اداکارہ صبا قمر کے ڈرامہ سیریل گناہ کا آغاز ہوگیا جس نے ناظرین کو کافی متاثر کیا ہے اور وہ اسے بہترین ڈرامہ قرار دے رہے ہیں۔
عدنان سرور کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ منی سیریز ایک پراسرار کرائم تھرلر ہے جس میں صبا قمر، سرمد کھوسٹ، جگن کاظم اور رابعہ بٹ نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔
منی سیریز کا آغاز رواں ہفتے 14 جون کو ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر ہوا، جس کے بعد ڈرامے کی کہانی، مکالموں اور شاندار کاسٹ نے ناظرین کو متاثر کردیا۔
ڈرامے میں صبا قمر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے لیکن اس ڈرامے میں اُن کا کردار دیگر ڈراموں سے کافی مختلف ہے، صبا قمر کو انتہائی طاقتور اور خوبصورت دکھایا گیا ہے جبکہ سرمد کھوسٹ کو علاقے کے معزز اور طاقتور شخصیت کے کردار کو خوبصورتی سے نبھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ڈرامے میں پولیس انسپکٹر کے روپ میں رابعہ بٹ نے بھی اپنے کردار سے کافی انصاف کیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ڈرامے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرمد کھوسٹ ایک بہترین اداکار ہیں، انھیں اسکرین پر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، ایک اور صارف نے کہا کہ پاکستانی اداکار بہت اچھا کام کرتے ہیں، یہ ایک بہترین ڈرامہ ہے۔
رابعہ بٹ کے حوالے سے ایک صارف نے کہا کہ وہ جتنی کمال کی اداکارہ ہیں انھیں اس لحاظ سے پزیرائی نہیں ملتی۔