لاہور:صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اعلان کیا ہے کہ ہم نے صوبے بھر میں کورونا وائرس کے باعث میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
بنیادی و ثانوی دیکھ بھال برائے صحت کے مراکز کے مطابق کورونا وائرس کے 5 مشتبہ مریضوں کو علیحدہ آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جن کی نگرانی کی جارہی ہے۔
پنجاب کے علاقے لودھراں، گجرات، تاندلیانوالہ، حافظ آباد اور راولپنڈی میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیس سامنے آنے لگے ہیں۔ گجرات، تاندلیانوالہ، حافظ آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک مریض کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔
پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں 81 مشتبہ کورونا کیسز آئے جن میں سے 76 مریض وائرس سے متاثرہ نہ ہونے پر انہیں کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
اب تک 5 مریضوں کی رپورٹ نہیں آسکی جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 4ہزار 5 سو افراد کو اسکریننگ کے عمل سے گزارا گیا ہے جن میں سے کسی میں کورونا کی علامات موجود نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 335 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 4 ہزار 633 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 633 ہو گئی