منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فارغ التحصیل سکالرز (منہاجینز) کے ایک خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہر مسلمان پر بامقصد تعلیم کا حصول واجب ہے وہاں علم کو پھیلانا اور جہالت کے اندھیرے دور کرنا بھی ہر مسلمان مرد اور مومن کی دینی، انسانی و ملی ذمہ داری ہے۔
اہل علم ہونے کا مطلب دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اور اعلیٰ اسلامی و انسانی اقدار کے فروغ کیلئے زیادہ محنت کرنا ہے، خصوصی اجلاس منہاج یونیورسٹی لاہور مارکی میں منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:
سوڈان میں فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان سات دن کیلئے جنگ بندی
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فارغ التحصیل سکالرز تعلیم، قانون، طب، سائنس، بزنس اسلام، فارماسیوٹیکل، سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں ایک پروفیشنل کی حیثیت سے ملک اور انسانیت کی بے مثال خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آج سے 40 سال قبل ایک خواب دیکھا تھا کہ ایک ایسے تعلیمی ادارہ کی بنیاد رکھی جائے جو دینی اور دنیوی تعلیم دونوں کے مقاصد ایک ساتھ پورے کرے الحمدللہ یہ خواب جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور منہاج یونیورسٹی لاہور کی صورت میں شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے اور چراغ سے چراغ روشن ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، نائب ناظم اعلیٰ جواد حامد، پرنسپل تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی، سینئر صحافی ارشاد چودھری، ڈاکٹر نذر فرید، اقبال مرتضیٰ و دیگر نے شرکت کی۔