اسلام آباد: وفاقی حکومت قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلئے متحرک ہے، معافی کی پٹیشن پر دستخط کرا لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں اظہارِ خیال کے دوران وزیرِ پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے معافی کی پٹیشن پر دستخط کرا لیے گئے ہیں، حکومت انہیں وطن واپس لانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔
وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے خاندان سے بات کرسکتی ہیں، پاکستانی سفارت خانہ ان سے رابطے میں ہے، قوم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو نہیں بھولی، نہ ہی وزیرِ اعظم عمران خان بھولے ہیں۔
وزیرِ پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے، کیا کوئی ہمارے دلوں میں دیکھ سکتا ہے اور کیا عمران خان امریکا کے صدارتی عہدے پر فائز ہیں؟
سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ عافیہ صدیقی اسی شخص کے دورِ حکومت میں امریکا پہنچیں جسے ایم ایم اے نے وردی میں صدارت کیلئے منتخب کیا۔
پی ٹی آئی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِ پارلیمانی امور نے کہا کہ حکومت نے آتے ہی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا اور رابطے کی کوشش کی تاہم کچھ مجبوریاں آڑے آئیں۔ اب ان کی صحت ٹھیک ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں بے خبر نہیں ہے۔ اس موقعے پر اپوزیشن اراکین سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مشتاق نے بھی گفتگو کی اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان مہاجرین کی پاکستان آمد کا خدشہ ہے، ناصر حسین شاہ