رام اللہ:فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل درجنوں فلسطینی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی حکام نے بتایا کہ عوفرجیل میں قید دو مزید فلسطینی کروناکا شکار ہوئے۔ نئے قیدی مریضوں کی شناخت حسن محمد شحادہ اور الخلیل کے سلیم ادریس کے ناموں سے کی گئی۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ مجدجیل میں 7 فلسطینی قیدیوں کو الگ تھلگ کیا گیا ہے۔مجد جیل میں کورونا کا شکار ہونے والے قیدیوں میں رام اللہ کے محمد جابر، جنین کے وائل نعیرات، عمر خرواط، وائل فنون، عماد البطران، الخلیل کے وائل الجاغوب اور نابلس کے محمود عطا اللہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مطابق اسرائیلی زندانوں میں قیدیوں کی حالت تشویشناک ہے اور پہلے قیدیوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ ایسے میں کرونا کی وبا قیدیوں کی زندگی پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔