ملتان: ملتان کے نشتر اسپتال کی چھت سے درجنوں مسخ شدہ لاشیں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نشتر اسپتال کی چھت پر بنے کمرے میں درجنوں لاشیں گل سڑرہی ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں میں بتایا جارہا ہے کہ نشتر اسپتال کی چھت سے سیکڑوں کی تعداد میں انسانی لاشوں کے اعضا برآمد ہوئے ہیں تاہم تعداد کے حوالے سے حکومتی سطح پر کسی قسم کی تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشیں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کا مسجد پر حملہ، مسلمانوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں
انہوں نے کہا کہ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے، ذمہ دار عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔
سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ پنجاب نے معاملے کی انکوائری کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی 3 روز میں اپنی رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ کو پیش کرے گی۔
علاوہ ازیں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے بھی 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی تمام معلومات کے ساتھ اپنی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کرے گی۔