لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو اراضی اسکینڈل میں گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دوست محمد مزاری کو گزشتہ روز نجی ہسپتال سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے کزن شباب مزاری کا کہنا تھا کہ دوست محمد مزاری کو اینٹی کرپشن پنجاب نے گرفتار کیاجبکہ وہ ایک قریبی عزیز کی عیادت کی غرض سے ہسپتال پہنچے تھے۔
وفاقی کابینہ نے گندم اور یوریا درآمد کرنے کی منظوری دے دی
تحریکِ انصاف کے منحرف رکنِ پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری زمین پر قبضے کے الزام میں 11 اکتوبر کے روز تفتیش کی غرض سے طلب کیا تھا۔
طلبی کا نوٹس بھیجے جانے کے باوجود دوست محمد مزاری نے تفتیش کیلئے تعاون نہیں کیا۔ بعد ازاں محکمۂ اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ دوست محمد مزاری کو اراضی اسکینڈل میں حراست میں لیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے دوست محمد مزاری کو دو بار طلب کیا گیا، تاہم دوست محمد مزاری پیش نہیں ہوئے۔ سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
دوست محمد مزاری کے وکیل اسامہ خاور گھمن نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اینٹی کرپشن پنجاب کے اقدام کو سیاسی انتقام کی بد ترین مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوست مزاری اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔