کراچی: ڈیفنس میں گزشتہ ماہ شہری کو زخمی کرنے والے 2 کتوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا ہے جبکہ یہ اقدام راضی نامہ ہونے کے بعد اٹھایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 2 کتوں نے راہگیر کو بھنبھوڑ کر زخمی کر ڈالا اور کتوں کے مالک گھر کے رہائشی افراد نے بھی زخمی شہری کی کوئی مدد نہیں کی۔ پیر کے روز پولیس نے تصدیق کی کہ واقعے میں ملوث کتے موت کی نیند سوگئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ عمران مرزا کا کہنا ہے کہ کتوں کو ایک ویٹرنری کلینک لے جایا گیا اور معاہدے کے مطابق انہیں سلایا گیا جس سے پولیس کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
ملزم ہمایوں علی خان کو ڈی ایچ اے فیز 6 میں سگ گزیدگی کا واقعہ پیش آنے کے بعد اپنے ڈاگ ہینڈلرز فہد اور علی کے ہمراہ ایڈووکیٹ مرزا اختر کو نشانہ بنانے پر گرفتار کیا گیا۔
ایک جانب کیس کی قانونی کارروائی جاری تھی تودوسری طرف فریقین نے آپس میں راضی نامہ کر لیا۔ کتے کے مالک ہمایوں علی خان اور سگ گزیگی سے متاثرہ شہری مرزا اختر نے راضی نامے پر دستخط کردئیے۔
قبل ازیں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں راہگیر کو کتوں نے بھنبھوڑ کر زخمی کردیا جس کے بعد راضی نامے پر دستخط کردئیے گئے، معاہدے کے مطابق معروف کاروباری شخصیت 10 لاکھ روپے دینے کیلئے رضامند ہے۔
گزشتہ ماہ کلپرز کے مالک ہمایوں خان نے سگ گزیدگی کا شکار شہری مرزا اختر علی سے راضی نامے کے معاہدے پر دستخط کردئیے جس کے تحت انہوں نے غیر مشروط طور پر متاثرہ شہری سے معافی مانگ لی۔
مزید پڑھیں: سگ گزیدگی کا معاملہ، کاروباری شخصیت 10لاکھ دینے کیلئے رضامند
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستانی شوبز انڈسٹری کی بہت سی شخصیات نے ڈیفنس میں سگ گزیدگی کے بعد کتوں کے خلاف فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا جن میں زارا نور عباس اور متھیرا سمیت دیگر ستارے شامل ہیں۔
معروف کاروباری شخصیت ہمایوں خان کے پالتو کتوں نے ایک شہری کو بھنبھوڑ ڈالا۔ اداکارہ زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ کسی انسان کو بھنبھوڑنے پر کتوں کو سزا دینا غیر انسانی عمل ہے۔
مزید پڑھیں: کتوں کے خلاف فیصلے پر افسوس کا اظہار کرنیوالی شوبز شخصیات