کراچی:معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے شہریوں نے اپیل کی ہے کہ راشن کی تقسیم کرتے وقت وڈیوز نہ بنائیں، اس کے باعث غریب افراد کی دل آزاری ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کی سختیوں کے باعث مخیر حضرات، شوبز اسٹار، سیاسی جماعتیں اور مختلف سماجی تنظیمیں ضرورت مندوں میں راشن اور دیگر کھانے پینے کی اشیا تقسیم کر رہی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان کے معروف گلوکار شہزاد رائے نے درخواست کی ہے کہ لوگوں میں راشن تقسیم کرتے وقت وڈیوز نہ بنائیں۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شہزاد رائے نے کہا کہ راشن کی تقسیم کی وڈیوز نہ بنائی جائیں کیونکہ جب وڈیوز سوشل میڈیا پر آتی ہیں تو ضرورت مند لوگوں کو اچھا نہیں لگتا۔
انہوں نے لوگوں میں راشن تقسیم کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کے اس اقدام سے غریب افراد کو فائدہ حاصل ہورہا ہے۔