کراچی میں بلدیہ جنوبی نے محکمۂ بلدیات سندھ کی پابندی نظر انداز کرتے ہوئے 19 اکتوبر کو شاپ بورڈ کا ٹیکس وصول کرنے کے اختیار کا ٹھیکہ دینے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطاق میونسپل کمشنر جنوبی اختر شیخ نے محکمۂ بلدیات سندھ کی رِٹ کو چیلنج کردیا، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی جو ڈی سی ضلع جنوبی بھی ہیں، نے بلدیہ جنوبی کے اقدام پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔
سندھ حکومت کے ہی ایک وزیر کی مبینہ سرپرستی سے مذکورہ ٹھیکہ دینے کی تیاری کی گئی۔ غیر متعلقہ وزیر کی وزارتِ بلدیات میں مداخلت کے باعث وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی گرفت اپنی ہی وزارت پر کمزور پڑنے لگی۔
مالی مشکلات کو جواز بنا کر افسران ایک بار پھر کروڑوں کی بدعنوانی کا کھیل کھیلنے کیلئے متحرک ہیں۔ واضح رہے کہ محکمۂ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے 17 اگست کو ہر قسم کے آکشن پر پابندی عائد کردی تھی۔
پابندی کے باوجود ضلع جنوبی کے افسران شاپ بورڈ کا ٹھیکہ نیلام کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں، قبل ازیں ضلع جنوبی کے ساتھ ساتھ شرقی اور وسطی میں بھی شاپ بورڈز کے ٹھیکے متنازعہ ہوچکے ہیں۔ حکومتی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جاچکا ہے۔
میونسپل کمشنر اختر شیخ قبل ازیں بھی ایسے ہی ٹھیکے دینے میں ملوث رہے، بیرونی اشتہارات میں غیر قانونی طور پر بے حساب ناجائز کمائی کی جاسکتی ہے، جہاں بھی ایم سی اختر شیخ بن جاتے ہیں، وہاں دیگر افسران کٹھ پتلی کی طرح کام کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل فون رپیئرنگ کرنے والا ملزم خاتون کو ہراساں کرنے پر گرفتار