اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں صدارت کیلئے چوہدری فرید حسین کیف نے میدان مار لیا ہے جبکہ فرزانہ فیصل خان نائب صدر منتخب ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے انتخابات میں صدارت کیلئے چوہدری فرید حسین کیف، نائب صدر کیلئے فرزانہ فیصل خان، جنرل سیکرٹری کیلئے حافظ لیاقت منظور کمبوہ اور جوائنٹ سیکرٹری کیلئے محمد سعد راجہ نے میدان مارلیا۔
گذشتہ روز صبح شروع ہونےوالی پولنگ شام تک جاری رہی جس کے دوران وکلاء نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، جس کے بعد گنتی کا عمل شروع کیا گیا اور غیر حتمی نتائج کے مطابق صدارت کی نشست کیلئے چوہدری فرید حسین کیف نے 962ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔
مد مقابل صدارتی امیدوار چوہدری محمد نعیم علی گجر نے817اور سیدہ طاہرہ نے 70 ووٹ حاصل کیے، نائب صدارت کیلئے فرزانہ فیصل خان نے 903ووٹ جبکہ ان کے مدمقابل چوہدری فرید حسین نے 891ووٹ حاصل کیے۔
جنرل سیکرٹری کی نشست کیلئے حافظ لیاقت منظور کمبوہ نے 940جبکہ ان کے مدمقابل چوہدری منظور احمد ججہ نے901ووٹ لیے، جوائنٹ سیکرٹری کیلئے محمد سعد راجہ نے 1248جبکہ ان کے مدمقابل فیصرنواز خان نے 537 ووٹ حاصل کیے۔
نتائج کا اعلان ہونے پر کامیاب امیدواروں کے حامی وکلاء نے خوب نعرے بازی کی، نومنتخت عہدیداران کو پھولوں کےہار پہنائے اورکامیابی کاجشن منایا۔چوہدری فرید حسین کیف کے صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی گئی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات برائے سال2021میں رضوان اختر اعوان آئندہ سال کے لئے ضلعی بار کے صدر اورعمران یوسف خان نیازی سیکریٹری منتخب ہو گئے۔
ہفتہ کے روز پولنگ صبح9بجے سے شام5بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والی پولنگ میں 500خواتین سمیت4200 کے قریب رجسٹرڈوکلا میں سے2021نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ 10ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔
انتخابات میں پولنگ کے لئے12بوتھ قائم کئے گئے تھے۔سینئر وکیل شفقت علی بھٹی کی سربراہی میں سردار منظر بشیر، ملک شوکت حیات اور احسان مقصود قریشی پر مشتمل الیکشن بورڈنے پولنگ کے عمل کی نگرانی کی۔
الیکشن بورڈ کے اعلان کردہ غیر حتمی نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر 3امیدواروں کے درمیان مقابلے کے بعد رضوان اختر اعوان914ووٹ لے کر پہلے، محمد اخلاق اعوان598ووٹ لے کر دوسرے اور چوہدری نور خان561ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
سیکریٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلے کے بعدعمران یوسف خان نیازی1050ووٹ لے کر پہلے اور راجہ شاہد ظفر1044ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلے کے بعد خاتون امیدوار عائشہ اشتیاق ملک 1388ووٹ لے کر پہلے اورقاضی غنی الرحمان743ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
فنانس سیکریٹری کی نشست پر 3امیداروں کے درمیان مقابلے کے بعد محمد غیاث راجہ 700ووٹ لے کر پہلے، سید ساجد حسین شاہ 634ووٹ لے کر دوسرے اوربنارس نذیر میر478ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔اسی طرح نائب صدر کی 1نشست پر عنصر محبوب خان،لائبریری سیکریٹری کی نشست پر ملک امجد اعوان بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
آڈیٹر کی نشست پر ماریہ جاوید چوہدری بھی بلامقابلہ منتخب ہوئیں، مجلس عاملہ کی10نشستوں پر اکمل نواز، بابر نوید، توقیر محمود، جنید اختر مغل، سید ذیشان حیدر کاظمی، رقیہ غفور، ساجد محمود، ساجد ہمایوں تنولی، سخاوت حسین شاہ، سدرہ اشرف اور عاصم وحید چوہدری پر مشتمل11امیدواروں کے درمیان مقابلہ بھی مقابلہ ہوا۔
مذکورہ مقابلے کے نتائج کا اعلان آج (بروزاتوار)کیا جائے گا۔الیکشن نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کے حامی وکلاء نے اپنے امیدواروں کو کندھوں پر اٹھالیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے فتح کا جشن منایا۔ کامیاب امیداروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور بار کے انتخابات ،عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا