سیہون شریف: ضلعی انتظامیہ سیہون نے تبلیغی جماعت کے 33 مشتبہ افراد میں سے 15 افراد کو سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل جبکہ 18 کو مدرسے میں کورنٹائین میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
کورونا وائرس آئسولیشن وارڈ میں مجموعی 17 افراد کو داخل کرلیا گیا ہے۔ سیکیورٹی بھی تعینات کردی گئی ہے‘سیہون شریف نئی آبادی میں حیدر کرار مسجد میں سے 13 تبلیغی افراد کو حراست میں لے لیا۔
جس میں 2 مقامی افراد شامل تھے جس کے بعد بائی پاس روڈ پر پولیس اور انتظامیہ نے مدرسہ عائشہ صدیقہ میں رہائش پذیر 20 تبلیغی افراد کو تحویل میں لیا جن میں ایک شخص مقامی تھا۔
جبکہ تمام افراد بونیر، باجوڑ اور راولپنڈی کے مختلف شہروں سے ہیں۔ جبکہ تبلیغی جماعت کے افراد اور مقامی سہولت فراہم کرنے والے 33 افراد کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔
سید عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی ٹیموں نے تمام مشتبہ افراد کی علامات اور تفتیش کی جس پر 15 افراد میں ایسے علامات پائی گئیں جن میں کورونا وائرس کا خدشہ ہوسکتا ہے۔
جنہیں سید عبداللہ شاہ میڈیکل اسپتال میں قائم کورونا آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا، تمام مجموعی طور پر 17 افراد اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔
جبکہ تبلیغی جماعت کے 18 لوگوں کو مدرسے میں کورنٹائن اور احتیاطی تدابیر استعمال کرنے کے لیے سیکیورٹی مقرر کردی گئی ہے۔
ادھر آئسولیشن میں 2 مقامی افراد بھی داخل ہیں جن کی ڈائگنوسٹک کٹ پر رپورٹس مثبت آئی ہیں۔