بھارتی پنجابی میوزک انڈسٹری کے سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ بھارت اور پاکستان دونوں ممالک میں بے پناہ مقبولیت رکھتے ہیں،حال ہی میں اپنے عالمی دورے کی شاندار کامیابی کے بعددلجیت نے ایک ایسی بات کہہ دی ہے جس نے پاکستانی مداحوں کو بے حد پرجوش کر دیا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک لائیو سوال و جواب سیشن کے دوران ایک پاکستانی مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کے پاکستان آنے کا کوئی ارادہ ہے؟ اس پر دلجیت نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: “ہاں جی، پاکستان وی آجاں گے” (جی ہاں، میں پاکستان بھی آؤں گا)۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال ایسے کسی سفر کی کوئی تیاری نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2024 میںپاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور ان کے دوستوں نے لندن کے اوٹو ایرینا میں ان کا کنسرٹ دیکھا۔دلجیت نے اس موقع پر ہانیہ عامر کو اسٹیج پر مدعو کیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھیں۔
دلجیت نے ہانیہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں “سپر اسٹار” کہا اور جب وہ شرماتے ہوئے اسٹیج پر آنے سے گریز کر رہی تھیں، تو پنجابی میں محبت بھرے انداز میں اصرار کیا:”جب ہمارے درمیان ایک سپر اسٹار موجود ہو اور وہ بس سامعین میں کھڑی ہو، تو یہ ہو نہیں سکتا کہ وہ اسٹیج پر نہ آئے!”
گلوکار اور مداحوں کی پرجوش حوصلہ افزائی کے بعد ہانیہ عامر آخرکار اسٹیج پر آ گئیں۔ہانیہ عامر کے چہرے کے تاثرات سے صاف ظاہر تھا کہ وہ اس لمحے سے بے حد لطف اندوز ہو رہی تھیں اور اپنے جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ڈھونڈ پا رہی تھیں۔
دلجیت دوسانجھ کے پاکستان آنے کے عندیے نے ان کے مداحوں کو بے حد خوش کر دیا ہے۔ اگرچہ ابھی تک کوئی باضابطہ منصوبہ سامنے نہیں آیا لیکن ان کے بیان نے دونوں ممالک میں ان کے فینز کو ایک امید ضرور دی ہے کہ شاید مستقبل میں وہ پاکستان میں بھی پرفارمنس دیں گے۔