پاکستان میں پہلی بار ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروا دیا گیا جس کا فائدہ یہ ہے کہ شہریوں کو کاغذی کارروائی اور دفاتر کے باربار چکروں سے نجات مل جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ سسٹم صوبہ پنجاب کے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ ساتھ راولپنڈی پولیس کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا جس میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا اشتراک بھی شامل ہے۔
شہریوں کی مشکلات کو آسان کرنے کیلئے کسی کاغذی کارروائی کے بغیر ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس سسٹم متعارف کرایا گیا جو شہریوں کے شناختی کارڈ کی بنیاد پر انہیں لائسنس جاری کرے گا۔
ایسے تمام شہری جو ڈرائیونگ لائسنس ایکسپائر ہونے کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں، وہ ڈیجیٹل لائسنس سسٹم سے لائسنس کی تجدید کروا سکیں گے۔
عوام الناس کو ڈیجیٹل ڈرائیونگ سسٹم کے تحت اپنے شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ بینک چالان پیش کرنا ہوگا، شہریوں کو دیگر دستاویزات کے جھنجھٹ سے نجات مل گئی۔