اسلام آباد: پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیزل کے بحران پر قابو نہیں پایا جاسکا، جس کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کرلیا ہے۔
مختلف فیول پمپس پر دستیاب ڈیزل بھی 10 سے 15 لیٹر سے زائد فراہم نہیں کیا جارہا،فیصل آباد اور گوجرانوالا میں ڈیزل کی قلت سے کسانوں اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پیٹرولیم اور اوگرا حکام کو ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانے پر اہم ہدایات دیں گے۔ ڈیزل بحران پروزیراعظم شہبازشریف نے نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول پمپس پر ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ضروری ہے، ڈیزل کی ہورڈنگ کے مسئلے کا نوٹس لیا گیا ہے، کسانوں کو ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔
واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیزل کی قلت کے باعث پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ کسان اتحاد کے رہنماؤں نے شکوہ کیا ہیکہ ڈیزل نہ ملنے کی وجہ سے گندم کی فصل متاثر ہو رہی ہے۔