ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے نئی عدالتی سماعت کے دوران اپنے سابق شوہر بریڈ پٹ پر بدسلوکی کا الزام لگادیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا کے وکیل نے عدالتی کارروائی کے دوران کہا کہ بریڈپٹ کا رویہ بچوں کے ساتھ اچھا نہیں ہوتا تھا، وہ بعض اوقات نشے کی حالات میں اُن کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
وکیل کے مطابق ایک بار بریڈپٹ نے بچوں میں سے ایک کا گلا دبانے کی کوشش کی جبکہ دوسرے کے چہرے پر تھپڑ مارا تھا، اس نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ماضی میں بچوں پر شراب بھی پھینکی تھی۔
قبل ازیں انجلینا جولی نے اپنے سابق شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اُن کی مشترکہ جائیداد پر قبضہ کررکھا ہے۔ عدالتی موقف میں اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور بریڈ پٹ نے مل کر فرانس کے جنوب میں 1300 ایکڑ پر مشتمل مشترکہ جائیداد خریدی اور اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے کئی گنا سرمایہ کاری کی تھی۔
تاہم، بریڈ پٹ نے الگ ہو جانے اور بچوں کی کسٹڈی کے بدلے جائیداد پر قبضہ کرلیا ہے، اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بریڈ پٹ نے اُنہیں خاموش کروانے کے لیے ان سے ایک کانٹریکٹ پر دستخط بھی کروائے تاکہ اُنہیں شادی کی تفصیلات پھیلانے سے روکا جاسکے اور اداکار نے مشترکہ جائیداد کے کچھ تعمیراتی کاموں پر کئی ملین ڈالرز بھی خرچ کیے ہیں۔
یاد رہے ہالی ووڈ اسٹارز نے 2004 میں ایکشن فلم مسٹر اور مسز اسمتھ کے سیٹ پر ملاقات کی تھی۔ 10 سال تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی۔ لیکن شادی کے دو سال بعد ستمبر 2016 اس جوڑے نے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔