وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے سیاسی اموررانا ثناء اللہ نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں “جھوٹا” اور “اداروں پر حملہ کرنے والا” قرار دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر محمد مالک کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دونوں رہنما جھوٹ پھیلانے، دوسروں کا مذاق اڑانے اور اداروں پر حملہ کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان بہت سی مماثلتیں ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ٹرمپ اور عمران خان دونوں دوسروں کا مذاق اڑاتے ہیں اور اپنے مطالبات منوانے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے حامیوں کو جمع کر کے وائٹ ہاؤس پر حملے کی مثال دی۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اس حوالے سے رانا ثناء اللہ نے اسے محض “سفارتی آداب اور رسمی کارروائی” قرار دیا۔
امریکا کے مطالبے پر عمران خان کی رہائی کے بارے میں سوال پر، رانا ثناء اللہ نے کہا، “مجھے نہیں لگتا کہ امریکی حکومت ایسا کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا، “میری ذاتی رائے میں اگر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یہ دونوں بھائی ایک ساتھ کام کریں تو عمران خان کو امریکا کے حوالے کر دینا چاہیے۔ اگر امریکا چاہے تو عمران خان کو عافیہ صدیقی کی رہائی کے بدلے میں لے سکتا ہے، اور شاید قوم بھی اس پر متفق ہو جائے۔”