امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف کے دعوے کے مطابق یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے اوول آفس میں تلخ کلامی کے معاملے پر صدر ٹرمپ سے معافی مانگ لی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق صدارتی مندوب اسٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خط بھیجا ہے جس میں اوول آفس کے واقعے پر معذرت کی گئی۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں پیش آئے واقعے پر عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کو مغربی ممالک اور عرب دنیا کی جانب سے بھی حوصلہ افزا ردِ عمل دیا گیا ہے۔ تاہم امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن کا کہنا تھا کہ زیلنسکی ہوش میں آئیں، اگر شکر گزاری نہ کی اور مذاکرات نہ کیے تو یوکرین کی قیادت کسی اور کے ہاتھ لگے گی۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی ہم منصب ولودومیر زیلنسکی کے مابین اوول آفس میں مذاکرات کی جگہ جھگڑے نے لے لی، صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ زیلنسکی تیسری جنگِ عظیم کا جوا کھیل رہے ہیں۔ زیلنسکی کو کھل کر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔